بنگلورو؍چنئی، 12؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) گردابی طوفان ”مینڈس“کی وجہ سے اتوار کو راجدھانی بنگلورو سمیت چامراج نگر، چکبالا پور، چکمگلورو، ہاسن، کوڈاگو، کولار اور میسورو اضلاع میں ”یلو الرٹ“جاری کیا گیا ہے -چکبالاپورمیں ڈپٹی کمیشن نے ایک دن یعنی پیرکوتمام اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیاہے -وہیں موسلا دھار بارش کی وجہ سے تمل ناڈو میں اب تک 4لوگوں کی موت ہو چکی ہے -
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں ”یلو الرٹ“جاری کیا ہے -آئی ایم ڈی کے مطابق بنگلورو میں ہفتہ کی شام 12ملی میٹر بارش ہوئی- جنوبی اندرونی کرناٹک اور ساحلی اور شمالی اندرونی کرناٹک کے کچھ الگ تھلگ مقامات پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی-بنگلورو میں گردابی طوفان‘مینڈس’کے زیر اثر ہفتہ کو بارش ہوئی- داونگیرے میں درجہ حرارت13.3ڈگری سیلسیس اور بنگلورو میں 16.8ڈگری سیلسیس تک گر گیا-آئی ایم ڈی نے اشارہ کیا کہ بنگلورو میں 12دسمبر تک مختلف مقامات پر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی- بعض اوقات سطحی ہوائیں تیز ہوں گی اور درجہ حرارت مزید گرنے کی توقع ہے -گردابی طوفان‘مینڈس’نے مملا پورم کے قریب ساحل کو عبور کیا اور اب گہرے دباؤ سے کمزور ہوگیا ہے - جس کی وجہ سے شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں پر بھی اثر پڑا-گردابی طوفان مینڈس نے تمل ناڈو اور چنئی کے کئی حصوں میں تباہی مچا دی ہے -یہاں کئی مکانوں اور دیواروں کو نقصان پہنچا اور وہ گر گئے اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے -تمل ناڈو حکومت نے پوری ریاست میں بارش سے متعلقہ واقعات میں چار اموات اور تقریباً180مکانات کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے - دکانوں اور دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے -